امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اعزاز پاک، امریکا دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور انسداد دہشت گردی کے میدان میں جنرل کوریلا کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل کوریلا نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں کیں اور ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر آمد پر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔