ملک میں چینی کی سب سے بڑی تھوک منڈی ‘اکبری مارکیٹ’ سے چینی غائب ہوگئی جس کے بعد چینی کا نیا بحران سر پر منڈلانے لگا۔
لاہور کی اکبری منڈی کے سوداگروں نے بتایا کہ شوگر ملز مالکان نے 165 روپے کلو ایکس مل پرائس پر فراہمی کی شرط تو مان لی لیکن چینی کی فراہمی بند کردی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اکبری منڈی میں چینی کا اسٹاک خاتمے کے قریب ہے، کئی روز سے شوگر ملز نے چینی فراہم نہیں کی ہے، انہوں نے متنبہ کیاکہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو چند روز میں چینی کے بحران کا خطرہ پیدا ہوجائے گا۔
ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ شوگرملز سے165 روپےکلوکےحکومتی نرخوں پرچینی فراہم نہیں کی جارہی، ان کا کہنا ہے کہ 165 روپےکلوکےحساب سے چینی ملے گی تو ہی حکومتی نرخ پربیچیں گے۔
دوسری جانب پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ شوگر ملیں 165 روپے ایکس مل قیمت پر چینی فراہم کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے چینی 165 روپے کلو بیچنے کے معاہدے کے باوجود قیمتیں کم نہ ہوسکیں، بازاروں میں اب بھی چینی کی فی کلو پرچون قیمت 185 سے 190 کے درمیان ہے۔