متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی فضائی کمپنی ’ایمریٹس‘ نے دنیا کے متعدد ممالک میں 18 ہزار کے قریب نئے ملازمین بھرتی کرنے کا اعلان کردیا، خوشنصیب بعض ملازمین ماہانہ 37 لاکھ روپے تک تنخواہ حاصل کر سکیں گے۔
ایمریٹس ایئرلائن نے 25 جولائی کو دنیا کے متعدد ممالک میں 17 ہزار 300 نئے ملازمین بھرتی کرنے کا اعلان کردیا۔
دنیا کی چند بڑی فضائی کمپنیوں سے ایک کمپنی 136 اقسام کے عہدوں پر مرد و خواتین ملازمین بھرتی کرے گی اور خالی عہدوں پر تعیناتیوں کا سلسلہ کئی ماہ تک جاری رہے گا۔
فضائی کمپنی نے جنوبی ایشیا کے صرف ایک ہی ملک میں نئے ملازمین بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے، پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور بھوٹان سمیت خطے کے تقریبا تمام ممالک میں کوئی بھرتی نہیں ہوگی۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی ایشیائی خطے میں صرف بھارت میں درجنوں بھرتیاں ہوں گی۔
اماراتی کمپنی مشرق وسطہ میں سعودی عرب، ایران اور متحدہ عرب امارات میں بھی درجنوں بھرتیاں کرے گی۔
بھرتیوں کے نئے سلسلے میں ایمریٹس ایئر لائن کے بعض اعلیٰ عہدوں پر تعینات ملازمین ماہانہ 48 ہزار اماراتی درہم تک تنخواہ وصول کریں گے جو پاکستانی ماہانہ 37 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔
ملازمین کو اچھی تنخواہوں کے علاوہ میڈیکل اور دیگر انشورنس سہولیات اور بونس بھی ملیں گے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں اماراتی ایئر لائن کی کوئی نئی بھرتی نہیں ہوگی، تاہم پاکستانی شہری امارات میں ملازمت کے لیے درخواستیں دے سکتے ہیں۔