سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں آپرپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین شہید ہو گئے ہیں ، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرُ عزم ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مستونگ میں دہشتگردوں کے خلاف فورسز کی کارروائی کی ستائش کی جبکہ شہید میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔
شہبازشریف نے کہا کہ میجر زیاد شہید اورسپاہی ناظم شہید دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے، پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کیخلاف لڑائی میں شہید جوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا ہے ، انہوں نے شہید میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اورتعزیت کی ۔
محسن نقوی کا کہناتھا کہ میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین نے جوانمردی سے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ، 3 دہشتگرد جہنم واصل کیے، میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین نے قیمتی جانیں وطن پر نچھاور کیں اور شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہید میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، شہید میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے، شہدائے وطن نے اپنے لہو سے امن کی آبیاری کی ہے اور پوری قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے۔