اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو کوریئر کمپنیوں کے نام ویری فکیشن کوڈز سے متعلق پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوریئر سروسز کے جعلی نمائندوں کی جانب سے بھیجے جانے والے مشتبہ پیغامات سے ہوشیار رہیں، جن میں صارفین سے ذاتی اور حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ ان پیغامات میں صارفین کو رقم کی ادائیگی کا جھانسہ دے کر ان سے شناختی معلومات طلب کی جاتی ہیں، جنہیں ممکنہ طور پر فراڈ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
جعلی ویری فکیشن کوڈ کسی کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں ، کوریئر کمپنیوں کے نام پر ویری فکیشن کوڈز مانگے جاتے ہیں، ان پیغامات میں کال یا لنک کے ذریعے رابطہ کرنے کا کہا جاتا ہے تاکہ صارفین کو دھوکہ دیا جا سکے۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ ایسی کالز اور پیغامات سے صارفین کے اکاؤنٹس ہیک ہوسکتے ہیں، یہ پیغامات جعلی ہیں اور ان کا کوریئر سروسز یا کسی مجاز ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ ڈیجیٹل سکیورٹی کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے اور شہریوں کو ایسے کسی بھی مشکوک پیغام پر ردِعمل دینے سے پہلے احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس قسم کے فراڈ پیغامات کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ان عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔