ہری پور سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے 7 بچے ریسکیو، مالم جبہ میں 2 بچے بہہ گئے

ہری پور: خیبر پختونخوا کے شہر ہری پور کی تحصیل غازی میں سیلابی ریلے میں ڈوبنے والے 7 بچوں کو بچا لیا گیا، تاہم دوسری طرف مالم جبہ میں 2 بچے ریلے میں بہہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہری پور کی تحصیل غازی میں سیلابی ریلے میں بہنے والے سات بچوں کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے اہل خانہ کے ساتھ صوابی سے تربیلہ ڈیم کی سیر کے لیے آئے تھے۔

پانی کم ہونے پر سات بچے غازی بیراج میں کھیل رہے تھے، کہ اچانک سیلابی ریلا آ گیا، ریلا آنے پر تیز بہاؤ کے باعث تمام بچے ڈوب گئے، تاہم بروقت اطلاع پر ریسکیو نے فوری کارروائی کر کے ساتوں بچوں کو بہ حفاظت نکال لیا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں دو بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے ایک کی لاش مل گئی ہے اور دوسرا لاپتا ہے، خاتون بچوں کے ساتھ ندی پار کر رہی تھی کہ اچانک ریلا آ گیا۔

ادھر مدین میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک گھر تودے تلے آ گیا، جس میں 3 بچے دب کر جاں بحق ہو گئے اور ان کی ماں زخمی ہو گئی۔ جب کہ خوازہ خیلہ، مینگورہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہے، اور بونیر کے مختلف علاقوں میں 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے