ہنگو: دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران ڈی پی او زخمی، 5 دہشتگردہلاک

ہنگو میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ڈی پی او محمد خالد زخمی ہو گئے۔

ڈی ایس پی امجد حسین کا بتانا ہے کہ ہنگو کے علاقے شناوڑی زرگری میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ڈی پی او محمد خالد زخمی ہو گئے۔

ہنگو پولیس کے ترجمان کا بتانا ہے کہ کارروائی میں 5 دہشتگرد مارے گئے، ایس ایچ اوتھانا دوآبہ نبی خان بھی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ڈی پی او محمد خالد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس اور ایف سی نے ہنگو میں دہشتگردوں کی اطلاع پر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے، علاقے میں کرفیو نافذ ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

ڈی پی او ہنگو کی حالت خطرے سے باہر اور ان کے حوصلے بلند ہیں: آئی جی کے پی

انسپکٹرجنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ڈی پی او ہنگو دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کر رہے تھے، آپریشن کے دوران متعدد دہشتگرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے، ڈی پی او ہنگو کو بھی گولی لگی ہے  تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ڈی پی او سے بات کی ہے، ان کے حوصلے بلند ہیں،  دہشتگردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے