امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہےکہ آرمی چیف عاصم منیر کے دورے کے بعد پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔
امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ ميں کہا گيا ہے گزشتہ ماہ امریکی صدرنے پاکستانی آرمی چیف کا وائٹ ہاؤس میں غیرمعمولی خیرمقدم کیا اس کے بعد پاکستان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کےلیے نامزد کرنے کی سفارش کی۔ پاکستان نےاپریل میں ٹرمپ خاندان کی ورلڈ لبرٹی فنانشل کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے۔
رپورٹ کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے بعد تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے اور پاکستان اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب امریکا میں تجارتی معاہدے کے لیے سرگرم ہيں اور چاہتے ہیں کہ اگست کی ڈیڈلائن سے قبل واشنگٹن کے مطالبات پر بات چیت کی جاسکے ۔
اس سے پہلے پاکستانی وفد کو امریکا کی جانب سے مفصل فہرست فراہم کی گئی تھی جس میں پاکستان سے تجارتی معاہدے کی شرائط پوری کرنے اور ٹیرف اورنان ٹیرف رکاوٹوں میں کمی کرنے پر زور دیا گیا۔
امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ تجارتی مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان چاہتا ہے کہ عائد کیے گئے ٹیرف سے ریلیف حاصل کیا جاسکے ۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان جولائی کے اوائل میں معاہدہ مکمل کرنے کی توقع رکھتا تھا تاہم تجارتی مذاکرات کی رفتار توقع سے سست رہی ہے ۔
امریکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارتی خسارہ کم ہے جو تقریباً 3 ارب ڈالر ہے اور پاکستان29 فیصد کے ٹیرف سے چھوٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
بلوم برگ نے بتایا کہ امریکا پاکستان کی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا کا چین کے بعد امریکی کپاس کا دوسرا سب سے بڑا خریدار ہے اور پاکستان نے امریکا سے کپاس اورسویابین کی درآمدات بڑھانے کی پیشکش بھی کی ہے۔