Breaking
21 جولائی 2025, پیر

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

کراچی: محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے کئی مقامات پر شدید بارشوں کا انتباہ جاری کیا ہے، جب کہ کراچی میں آج شام بوندا باندی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہو رہی ہے، جن میں جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور اطراف شامل ہیں، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ رواں ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے، اور مون سون بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، نوشہرہ اور پشاور میں آج بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ جب کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور مانسہرہ میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، کوئٹہ، بارکھان، سبی، کوہلو، سانگھڑ، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ اور ساحلی پٹی پر بھی بارش متوقع ہے۔

کراچی میں آج شام بوندا باندی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر الود رہے گا، جب کہ پارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، چونیاں شہر اور گرد و نواح، ساہیوال، قصور، ٹبہ سلطان پور میں موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب ہیں، حجرہ شاہ مقیم میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے۔

پیر محل، وزیر آباد، اوکاڑہ اور چوبارہ میں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش برسی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے