Breaking
8 جولائی 2025, منگل

لاہور؛ چینی باشندے کے گھر سے تقریباً 2کروڑ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین

ڈیفنس بی کے علاقے میں چینی باشندے شی ڈیپو کے گھر سے 01 کروڑ 80 لاکھ روپے چوری کرنے والے ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔

اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے ڈیفنس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایچ او ڈیفنس بی علی حسن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کی، جس میں گھر کے ملازم ہی چوری کی واردات کے ماسٹر مائنڈ نکلے۔

شہر بانو نقوی نے بتایا کہ 36 گھنٹے کے اندر چور لوٹی گئی رقم سمیت بہاولپور سے گرفتار کر لیے گئے۔ ملزمان میں مرکزی ملزم علی عزیز، شبیر اور امتیاز  شامل ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی طرف سے ایس پی کینٹ کو ملزمان گرفتار کرنے کے لیے اسپیشل ٹاسک دیا گیا تھا۔ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی سربراہی میں ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

اے ایس پی ڈیفنس کے مطابق ملزمان پولیس کو زیادہ دیر چکما نہ دے سکے اور دوران انٹیرو گیشن سچ تسلیم کر لیا، ملزمان سے 01 کروڑ 20 لاکھ روپے نقدی برآمد کر لیے، ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس پی کینٹ نے اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی، ایس ایچ او ڈیفنس بی اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے