بلوچستان میں تاریخ ساز پیش رفت : نئے مالی سال کے پہلے ہی دن اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء

بلوچستان میں ایک تاریخ ساز پیش رفت کرتے ہوئے نئے مالی سال 2025-26 کے آغاز پر ہی صوبائی حکومت نے ترقیاتی عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے 50 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ یکم جولائی کی شب آغاز کے فوراً بعد محکمہ خزانہ بلوچستان نے فنڈز کے اجرا کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جو صوبے کی مالیاتی تاریخ میں ایک نئی مثال ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ترقیاتی عمل میں تیز رفتاری کے عزم کے تحت چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی سربراہی میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں سیکریٹری خزانہ بلوچستان عمران زرکون نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نئے مالی سال کے پہلے دن ہی منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء کا عمل مکمل کیا، جس کے نتیجے میں بلوچستان میں ترقیاتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں گزشتہ مالی سال کے دوران بھی ترقیاتی منصوبوں پر مسلسل جائزہ اجلاسوں اور ٹھوس حکمت عملی کے باعث وسائل کا مؤثر استعمال ممکن ہوا اور مفاد عامہ کے متعدد اہم منصوبے بروقت مکمل کیے گئے۔ یہی تسلسل برقرار رکھتے ہوئے نئے مالی سال کے پہلے ہی دن اتنی بڑی رقم کا اجرا غیر معمولی رفتار کے ساتھ ترقیاتی میدان میں حکومت بلوچستان کی سنجیدگی کا عملی مظہر ہے ترقیاتی فنڈز کا یہ بروقت اجرا نہ صرف حکومتی نظم و نسق کی مستعدی کا عکاس ہے بلکہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ حکومت بلوچستان عوامی فلاح و بہبود، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سماجی ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق یہ فنڈز صحت، تعلیم، آبپاشی، سڑکوں، پینے کے پانی، توانائی، اور دیگر اہم شعبوں میں تجویز کردہ منصوبوں پر تیز رفتار عمل درآمد کے لیے بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ صوبے کے عوام جلد از جلد ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ترقیاتی فنڈز کا اس قدر جلد اجرا ملک کے دیگر صوبوں کے لیے بھی ایک مثال ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بلوچستان میں اب منصوبہ بندی، عمل درآمد اور وسائل کے استعمال میں مربوط پیش رفت کی نئی روایت قائم ہو چکی ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے