نوشکی: دہشتگردوں کے حملے کے بعد غفلت برتنے پر 5 لیویز اہلکار برطرف

نوشکی کے علاقے کیشنگی میں واقع لیویز چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد غفلت اور نااہلی پر رسالدار سمیت 5 لیویز اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے برطرف کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس، عبدالغفار مگسی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ڈی جی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشکی نے 5 اہلکاروں کو برطرف کر دیا۔

برطرف لیوی اہلکاروں میں رسالدار محمد خان، سپاہی شوکت علی ولد محمد اعظم، سراج احمد ولد نور احمد، محمد طیب ولد عبد الحمید، اور محمد نعیم ولد عبد الرحمن شامل ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق تادیبی کارروائی بلوچستان لیویز فورس ڈسپلنری رولز 2015 کے تحت عمل میں لائی گئی ۔ برطرف کیے گئے اہلکاروں پر حملے کے وقت غیر ذمہ داری، بزدلی اور سنگین غفلت کا مظاہرہ  کیا ، جو کہ سیکیورٹی کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ دہشتگردوں نے کیشنگی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے نہ صرف سرکاری اسلحہ اپنے قبضے میں لیا بلکہ ایک سرکاری گاڑی کو بھی نذر آتش کر دیا۔ حملے کے دوران لیویز اہلکار کوئی مزاحمت نہ کر سکے، جس پر اعلیٰ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سخت تادیبی قدم اٹھایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے