حکومت نے بجلی صارفین کے لیے پاور اسمارٹ ایپ متعارف کروادی جس سے صارفین اپنے میٹر کی ریڈنگ کا اندراج خود کرسکیں گے۔
اس سہولت کے ذریعے پروٹیکٹڈ صارفین بھی میٹر ریڈر کی تاخیر کے باعث اضافی بل کی مشکل سے بچ سکیں گے۔
بجلی صارفین کے لیے پروٹیکٹڈ کٹیگری ایک اہم سہولت ہے جس کے تحت 200 یونٹ تک بجلی سستے نرخوں پر فراہم کی جاتی ہے۔
تاہم میٹر ریڈر کی تاخیر یا غفلت اس سہولت کو مہنگے بوجھ میں بدل دیتی ہے اور مقررہ وقت پر ریڈنگ نہ ہونے سے یونٹس بڑھ جاتے ہیں جس سے صارف پروٹیکٹڈ کٹیگری سے نکل کر مہنگی بجلی کی سلیب میں چلا جاتا ہے اور دوبارہ سستی بجلی کے لیے 6 ماہ کا انتظار لازم ہو جاتا ہے۔
میٹر ریڈر کی تاخیر سے صارف پروٹیکٹڈ کٹیگری سے کیسے محروم ہوتا ہے؟
بجلی کے بل اُس ریڈنگ کی بنیاد پر بنائے جاتے ہیں جو بجلی کمپنی کا میٹر ریڈر آپ کے گھر، اپارٹمنٹ یا فیکٹری کے باہر لگے بجلی میٹر سے نوٹ کرتا ہے۔ پروٹیکٹڈ کیٹیگری کے صارف کو 200 یونٹ تک کی بجلی 14 روپے 16 پیسے کی پڑتی ہے لیکن اگر میٹر ریڈر مقررہ وقت میں وہ ریڈنگ نہ لے تو یونٹ کی تعداد 200 سے زیادہ ہوجاتی ہے، یعنی میٹر ریڈر کی تاخیر صارف کا پروٹیکٹڈ کیٹیگری کا حق ختم کردیتی ہے۔
پروٹیکٹڈ کٹیگری سے نکلتے ہی صارف کو 14 روپے 16 پیسے والی بجلی اب 34 روپے 26 پیسے میں پڑے گی۔ مزید نقصان یہ کہ ایک بار نان پروٹیکٹڈ کٹیگری میں جانے کے بعد دوبارہ پروٹیکٹڈ کٹیگری میں آنے کے لیے 6 ماہ درکار ہوں گے، یعنی مسلسل 6 ماہ تک صارف کا بل 200 یونٹس سےکم رہا تو وہ دوبارہ پروٹیکٹڈ کٹیگری میں شامل ہو سکے گا۔
اس طرح صارف جس سلیب میں بھی ہو، میٹر ریڈر کی غفلت یا جان بوجھ کر کی گئی ہیرا پھیری صارف کو اگلے سلیب میں لے جاتی ہے اور اگلے سلیب کا ریٹ پچھلے سلیب سے زیادہ ہونے پر بل بھی کئی ہزار روپے بڑھ جاتا ہے۔
لیکن اب آپ کو میٹر ریڈر کے تاخیر سے آنے یا ہیرا پھیری سے پریشان ہونےکی ضرورت نہیں کیوں کہ حکومت نے بجلی بلوں میں شفافیت کےلیے ’پاور اسمارٹ‘ ایپ متعارف کرادی۔
’پاور اسمارٹ‘ ایپ کیا ہے؟
پاورڈویژن نے ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ کے تحت پاور اسمارٹ ایپ متعارف کرادی ہے، یعنی اب صارفین میٹر ریڈنگ کی مقررہ تاریخ پر میٹر کی تصویر لےکر ایپ پر اپلوڈ کریں گے اور اسی ریڈنگ کی بنیاد پر ان کا ماہانہ بل جاری کیا جائے گا۔
صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کردیں تو اس کے بعد میٹر ریڈر کی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائے گی اور صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائے گی۔
اس ایپ سے صارفین نہ صرف اپنے بل پر نظر رکھ سکیں گے بلکہ وہ ریڈنگ کا عمل بھی مانیٹر کرسکیں گے۔
صارفین پاور اسمارٹ نامی ایپ پلے اسٹور اور ایپ اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔