اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ کے تحت اسمارٹ ایپ کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔
اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کی 500 ارب روپے کی سالانہ چوری ایک بہت بڑا چیلنج ہے، وزارت توانائی میں بے پناہ اصلاحات ہوئیں لیکن ابھی مزیدکام کرنے ہیں، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے وزیر پاور نے بہت محنت کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیےگئے، آئی پی پیز کے ساتھ شفاف طریقے سے مذاکرات کیے، وزارت پاور نے بینکوں کے ساتھ مذاکرات کرکے گردشی قرضے کو سیٹل کیا، تیل قیمتیں کم ہوئیں تو ساڑھے 7 روپے بجلی کی قیمتیں کم کرکے عوام کو ریلیف دیا ، ہم نے وہ طریقے ڈھونڈےکہ بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی بل میں سےٹیلیویژن فیس ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، بجلی زیادہ ہے لیکن اس کی کھپت کم ہے ، یہ ایک چیلنج ہے، ملک میں سولرائزیشن کی حوصلہ شکنی نہیں کروں گا، اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا اصل فائدہ عام صارف کو ہے۔
اس موقع پر وزیرتوانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے، اصلاحات کے عمل میں ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت کے لیے اقدامات جاری ہیں، اوور بلنگ جیسے مسائل پر قابوپانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، گزشتہ سال اوور بلنگ کی مد میں 110 ارب روپے عوام کو واپس کیے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ اسمارٹ ایپ کے باعث صارفین کو مقررہ تاریخ پر میٹرکی تصویر لےکر ایپ پر اپلوڈ کرنےکی سہولت میسر ہوگی، اس کی بنیاد پر ان کا ماہانہ بل جاری کیا جائےگا۔
وزارت پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ اس ایپ کا مقصد اووربلنگ اور ریڈنگ کی غلطیوں اور ریڈنگ میں تاخیر جیسے مسائل کا حل فراہم کرنا ہے، صارفین ناصرف اپنے بل پر نظر رکھ سکیں گے بلکہ وہ ریڈنگ کے عمل کے نگہبان بھی ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق اگر صارف اور میٹر ریڈر دونوں ریڈنگ اپ لوڈ کریں تو کم ریڈنگ کو ترجیح دی جائے گی، صارف مقررہ دن پر ریڈنگ فراہم کردیں تو اس کے بعد میٹرریڈرکی ریڈنگ کو ترجیح نہیں دی جائےگی، صرف صارف کی فراہم کردہ ریڈنگ ہی فیڈ کی جائےگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ یہ نظام اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو حکومتی سبسڈی کے مستحق ہیں، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والےصارفین کا بل تقریباً 2,330 روپے ہوتا ہے، صرف ایک یونٹ کے اضافے پر سبسڈی ختم ہونے کے باعث بل 8,104 روپے تک جاپہنچتا ہے، ایپ کے ذریعے یقینی بنایا جائےگا کہ مستحقین بروقت ریڈنگ فراہم کرکے سبسڈی سے مستفید رہیں۔