اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو تحلیل کرنے اور اس کے تمام اختیارات اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (ایم سی آئی) کو منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے 2 رٹ پٹیشنز پر سماعت کی جن میں 2015 میں جاری کردہ سی ڈی اے کے ایک سٹیچوری ریگولیٹری آرڈر ( ایس آر او) کو چیلنج کیا گیا تھا، جس میں اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر واقع پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز پر رائٹ آف وے چارجز (بڑی شاہراہوں سے براہِ راست رسائی) عائد کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ سی ڈی اے 1960 میں قائم کی گئی ایک شہری تنظیم ہے جسے وفاقی دارالحکومت کی ترقی کا کام سونپا گیا تھا۔ سی ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ادارہ شہر کی پائیدار ترقی اور انتظام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔