قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں اور مغربی موسمی سلسلے کے زیر اثر شمالی علاقہ جات میں ممکنہ گلاف کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق شمالی علاقہ جات میں شدید گرمی، مون سون بارشوں اور مغربی موسمی سلسلے کے زیر اثر گلاف یعنی برفانی جھیل کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ گلاف کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال سے رابطہ سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔
حکام کے مطابق ریشن، بریپ، بونی، سردار گول، تھلو ون اورتھلوٹو، بدسوات، ہنارچی، درکوٹ اور ہنڈر کے علاقوں میں ممکنہ گلاف کا خطرہ ہے۔
مقامی آبادی اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گلیشئیرز جھیلوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ غیرمعمولی پانی کے بہاؤ یا گلیشئیر میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی فوری اطلاع مقامی حکام کو دیں۔
بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہے گا
خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔ لاہور میں گرج چمک کیساتھ موسلادھاربارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
واسا کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 48، تاجپورہ میں 32 ملی میٹر، ائرپورٹ پر 20 اعشاریہ 2، اپر مال 17، جیل روڈ پر 15 اعشاریہ 4، گلبرگ میں 15 اور لکشمی چوک میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد راولپنڈی اور گردو نواح میں مون سون بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی پنجاب میں موسلادھار بارشوں سے اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
فیصل آباد میں بھی رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
گلگت بلتستان کے دریائے شیوک میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا، جس سے مین سیاچن روڑ دریا برد ہونے اورپانی آبادی میں داخل ہونے کا خطرہ ہے۔