وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ سفارتی وفد نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکرواپس آئے،عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور ترجمانی پر مبارک پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات بھی ہوئی ، بلاول بھٹو نے سفارتی وفد کی امریکا اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔
وزیراعظم نے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے مؤقف کو بیان کیا ۔
وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظرمیں پیش کیا۔مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اٹھانا پڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار سمیت تمام طبقات کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے،بجٹ سازی میں تمام اتحادی جماعتوں کے تعاون پرمشکور ہوں۔