اسرائیل نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگادیا، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران سے داغے گئے 2 میزائل تباہ کردیئے، ایرانی میزائل فائر ہونے کے بعد کئی اسرائیلی شہروں میں خطرے کے سائرن بج رہے ہیں۔ ایران نے اسرائیل فوج کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے سیز فائر نافذ ہونے کے بعد کوئی میزائل نہیں داغا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا آغاز آج صبح ہوچکا ہے، خطرہ اب بھی برقرار ہے، عوامی حفاظتی پابندیوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ شمالی اسرائیل کے متعدد شہروں میں سائرن بج رہے ہیں، ایران سے میزائل فائر کرنے پر خطرے کے سائرن فعال ہوئے، ایران سے داغے گئے 2 میزائل مار گرائے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نے صہیونی فوج کو ایران پر شدید جوابی حملوں کی ہدایت کردی۔ اسرائیل کاٹز نے فوج کو حکم دیا ہے کہ ایران کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر تہران کے قلب میں رجیم اہداف پر پوری طاقت کے ساتھ جوابی حملے کیے جائیں۔
اسرائیل فوج نے ایران پر حملوں کا الزام اس وقت لگایا جب کچھ دیر قبل ہی حالات کو محفوظ قرار دیتے ہوئے لوگوں کو شیلٹر سے باہر آنے کا کہا گیا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایران نے 2 بیلسٹک میزائل فائر کیے جنہیں فضاء میں ہی تباہ کردیا گیا ہے۔
ایران نے اسرائیلی فوج کے الزامات کو مسترد کردیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ سیز فائر نافذ ہونے کے بعد اسرائیل پر کوئی میزائل نہیں داغا گیا۔
ایران نے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد گزشتہ رات قطر میں امریکی بیس پر حملہ کیا، جس کے بعد امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوگئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کیا، ایرانی حکام نے بھی تصدیق کردی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی جنگ بندی کا باضابطہ اعلان کردیا۔
جنگ بندی سے پہلے اسرائیل کے ایران پر آخری حملوں میں مزید 9 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے، ایرانی ایٹمی سائنسدان بھی شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب جنگ بندی سے پہلے ایران نے منگل کی صبح 4 بجے تک 6 مرحلوں میں 10 سے 15 میزائل اسرائیلی شہروں پر داغے، جن میں سے ایک میزائل اسرائیلی شہر بیر سبع میں کثیر المنزلہ عمارت پر گرا۔ ترک میڈیا کے مطابق حملے میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے اور عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔