ہوٹلوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم کرانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے ہوٹلوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ریسٹورنٹس کی ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوں گے، ان مذاکرات کے نتیجے میں ضلعی انتظامیہ مختلف ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں کھانے پینے کی اشیاء کے نرخ کم کروائے گی، مذاکرات کے دوران ہوٹلوں میں کڑاہی، دال، برگر اور دیگر کھانوں کی قیمتوں میں کمی کرنے کا کہا جائے گا۔
ادھر صوبہ پنجاب میں ڈبل روٹی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ 750 گرام کی بڑی ڈبل روٹی کی قیمت 240 روپے سے کم کر کے 180 روپے مقرر کردی گئی ہے، اسی طرح 400 گرام کی چھوٹی ڈبل روٹی کا نیا ریٹ 130 روپے سے کم کر کے 95 روپے مقرر کیا گیا ہے، نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق فوری ہوگا اور یہ بھی کہا گیا کہ میدہ سستا ہونے کے بعد رس 450 روپے کلو ہوں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب کے وزیرِ خوراک بلال یاسین نے بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر اجلاس طلب کیا، بلال یاسین کی زیرِ صدارت اجلاس میں سیکریٹری خوراک، ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈی جی انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر، بیکری ایسوسی ایشن اور مختلف برانڈز کے نمائندوں نے شرکت کی، اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ 2 ماہ میں گندم، آٹے اور میدے کی قیمتوں میں 30 سے 48 فیصد تک کمی ہوئی ہے، اس لیے ڈبل روٹی، رسک اور بن کی قیمتوں میں کمی کی جائے، جس طرح روٹی اور نان کی قیمت میں کمی کرائی، اسی طرح بیکری مصنوعات کی قیمتیں بھی کم ہوں گی، پنجاب بھر میں انتظامیہ کم قیمتوں پر بیکری مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے