چین کے شہر ڈازھو میں جاری انڈر18 ہاکی ایشیاء کپ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان انڈر 18 ہاکی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف تین کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہاف ٹائم تک مقابلہ تین تین گول سے برابر تھا مگر پھر پاکستان نے آخری دو کوارٹر میں شاندار کھیل پیش کیا اور تین کے مقابلے میں چھ گول سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ ایوان اور ہنزیلہ علی نے دو دو جبکہ عاطف علی اور عاصم نے ایک ایک گول کیا۔ پاکستان ٹیم کل چین کے خلاف میدان میں اُترے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تین میچز میں 23 گول کئے ہیں اور پاکستان ٹیم کے خلاف اب تک صرف تین گول ہوسکے ہیں۔ پاکستان ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر آگئی ہے۔
پاکستان ٹیم نے ایونٹ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو صفر کے مقابلے میں 8 گول سے مات دی تھی پھر دوسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 0 کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دی۔