کیا حسیب اللہ خان اب انگلینڈ کی طرف سے کرکٹ کھیلیں گے؟

ابھرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ پاکستان چھوڑ کر انگلینڈ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انسٹاگرام اسٹوری میں حسیب اللہ خان نے واضح کیا ہے کہ وہ بدستور پاکستان کی نمائندگی کے لیے پُرعزم ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایسی خبریں گردش کررہی تھیں کہ 22 سالہ حسیب اللہ انگلینڈ منتقل ہو گئے ہیں اور وہ مستقبل میں انگلینڈ کرکٹ کے لیے کھیلنے کے خواہاں ہیں تاہم حسیب اللہ نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ میں آپ سب کو یہ اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ میں انگلینڈ اپنے ڈومیسٹک کاؤنٹی کنٹریکٹ اور اسپانسرشپ کی ذمہ داریوں کے سلسلے میں آیا ہوں۔

حسیب اللہ نے واضح کیا کہ وہ صرف کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہیں اور ان کا قومی ٹیم تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی مادرِ وطن پاکستان کی نمائندگی کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہوں اور اپنی تمام تر توانائیاں اس مقصد کے لیے وقف رکھوں گا۔ حسیب اللہ نے مداحوں اور میڈیا سے جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی۔

یاد رہے کہ ایک وائرل فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حسیب اللہ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) کے ایجنٹس سے ملاقات کی ہے، جس میں ان کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ حسیب اللہ خان پاکستان کی جانب سے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 36 رنز بنائے۔ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بھی رہے، مگر انہیں صرف ایک میچ کھیلنے کا موقع ملا جس میں وہ صرف سات رنز بنا سکے۔

حسیب اللہ نے اب تک 35 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 599 رنز اسکور کیے ہیں جن میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا بیٹنگ اوسط 19.96 اور اسٹرائیک ریٹ 118.37 ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے