اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسما الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کردیا۔
ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نےکہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہےکہ شیخہ اسما الثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے قطری شہزادی کو پاکستان میں موجود 8126 میٹر بلند دنیا کی نویں بلند چوٹی نانگا پربت کو سرکرنے پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد بھی پیش کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قطری شہزادی کا یہ کارنامہ قابل تقلید اور متاثر کن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ قطری شہزادی کی یہ کامیابی ہمت، حوصلے اور عزم کا بھرپور پیغام دیتی ہے اور پاکستان اور قطر کے درمیان قائم دوستی کی مضبوط علامت بھی ہے۔
خیال رہے کہ قطری شہزادی شیخہ اسما الثانی نے حال ہی میں نانگا پربت سر کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ شیخہ اسما الثانی دنیا کی نویں اور پاکستان کی دوسری بلند چوٹی پر قطر کا پرچم لہرانے والی پہلی قطری خاتون بن گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں شہزادی شیخہ اسما الثانی نے بتایا کہ یہ 8 ہزار میٹر سے بلند نویں چوٹی ہے جسے میں نے سر کیا ہے اور یہ اب تک کی سب سے کٹھن مہمات میں سے ایک تھی۔
شیخہ اسما الثانی کا کہنا تھا کہ اس پہاڑ نے مجھے ایسے انداز میں آزمایا جس کی مجھے توقع نہیں تھی، میرے قدموں تلے برف اور ہر چند لمحوں بعد گرتے ہوئے پتھر مجھے ہر پل یہ یاد دلاتے رہےکہ زندگی کتنی نازک ہے۔ مگر اس خطرے کے اندر بھی ایک ترقی تھی، ایک خود سپردگی تھی اور ایک ایسی طاقت تھی جس کا مجھے علم نہیں تھا کہ وہ اب بھی میرے اندر موجود ہے۔
اپنی اس مہم کے دوران بھی قطری شہزادی فلسطین کو نہ بھولیں اور فلسطین کا جھنڈا اپنے لباس پر لگائے رکھا اور نانگا پربت سر کرنے کے بعد ایک اور پوسٹ میں انہوں نے فلسطین کے ہیش ٹیگ کے ساتھ مشہور فلسطینی شاعر محمود درویش کا قول شیئر کیا اور لکھا کہ ‘یہ ان لوگوں کے لیے ہے جو اب بھی ثابت قدم ہیں، اُن جانوں کے لیے جو چلی گئیں، ان آوازوں کے لیے جو خاموش کر دی گئیں اور اس خوف کے لیے جو آنے والے کل سے جڑا ہے۔خدا کرے آزادی اپنا راستہ پا لے اور انصاف میں اب مزید تاخیر نہ ہو’۔