پاکستان کے سپر اسٹار ہمایوں سعید نے 2005 میں لندن میں ہونے والے ایوارڈ شو میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کے ساتھ کی گئی یادگار پرفارمنس کی دلچسپ کہانی سنادی۔
ہمایوں سعید حال ہی میں جیو پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے 2005 میں دیگر اداکاروں کے ہمراہ زی ایوارڈ شو کیلئے لندن جانے سے متعلق سوال کیا۔
اس پر ہمایوں سعید نے بتایا کہ ’ 2005 میں زی سنیما کے ایک ایوارڈ شو میں ہم 6 سے 8 اداکاروں کو بطور مہمان بلایا گیا تھا، ان اداکاروں میں میرے علاوہ ، اداکار فخر، عدنان صدیقی، اعجاز اسلم اور فیصل سمیت دو 3 خواتین اداکارائیں بھی شامل تھیں‘ ۔
ہمایوں سعید کے مطابق ’مجھے جہاز تک شاہ رخ اور پریتی زنٹا کے ساتھ کی جانے والی پرفارمنس کا علم نہیں تھا، دوران سفر مجھے فخر نے کہا تھا کہ ہمایوں سوچو تم وہاں جاؤ اور تمہیں شاہ رخ اسٹیج پر بلا کر کہیں کہ آؤ میرے ساتھ ڈانس کرو تو تمہاری کیا کیفیت ہوگی؟ اس پر میں نے فخر کی بات کو ہنس کر ٹال دیا تھا لیکن جب ہم جہاز سے اترے، عین اسی وقت مجھے دیگر اداکاروں سے الگ بس میں بیٹھنے کا کہا گیا اور پوچھنے پر بتایا گیا کہ میری شاہ رخ اور پریتی کے ساتھ پرفارمنس ہے جس کیلئے میری ریہرسل ہے، اس کے بعد میں نے فخر سے کہا کہ تیری بات سچ ہوگئی‘۔ْ
انہوں نے پرفارمنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ ریہرسل کے وقت میری شاہ رخ سے ملاقات ہوئی، وہ مجھ سے ایسے ملے جیسے مجھے اچھے سے جانتے ہوں، جب میں نے ان سے کہا کہ مجھے نہیں پتا کیا کرنا ہے اس پر شاہ رخ نے مجھے خود ڈانس کے اسٹیپ سمجھانا شروع کردیے، اس کے بعد ان کے کوریوگرافر نے بھی مجھے اسٹیپ سمجھائے جب کہ اگلے دن ایوارڈ شو تھا، جب ہم نے یہ پرفارمنس دی تو ایوارڈ شو میں موجود 50 سے 60 ہزار لوگوں نے کھڑے ہوکر خوشی کا اظہار کیا‘۔
واضح رہے کہ یہ پرفارمنس دراصل 2005 کے ‘زی سنیما ایوارڈز’ کی تقریب کا حصہ تھی جہاں ریما اور ہمایوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے فنکاروں کے ساتھ مل کر اسٹیج پر شاندار ڈانس کیا تھا۔
ویڈیو کے آغاز میں شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا نے اپنے مشہور گانوں پر پرفارم کیا تھا، اختتام پر ریما اور ہمایوں نے بھی ان کے ساتھ شامل ہو کر شاہ رخ خان اور پریتی کی فلم ‘ویر زارا’ کے گانوں پر شاندار ڈانس کیا تھا۔