13 سالہ سروج خان کی 30 سالہ شخص سے شادی اور اسلام قبول کرنےکی کہانی

بھارت کی مشہور ڈانس کوریوگرافر سروج خان کوبالی وڈ انڈسٹری کی مشہور شخصیت کے طور پر سب ہی جانتے ہیں لیکن ان کی ذاتی زندگی کے کچھ پوشیدہ حقائق سے بیشتر مداح ناواقف ہیں۔

سروج خان کا انتقال 2020 میں عالمی وبا کورونا کے  ابتدائی مرحلے کے دوران ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں پیش آنیوالی بے شمار رکاوٹوں کا سامنا کرنے کے بعدسروج خان نے بطور بالی وڈ کوریوگرافر شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

بھارتی میڈیا سےگفتگو میں سروج خان اپنی 2 شادیوں کی وجوہات اور اسلام قبول کرنے سے متعلق اپنے فیصلے کا بھی انکشاف کرچکی تھیں۔

مالی مشکلات اور کیرئیر کا آغاز

سروج خان نے بتایا تھا کہ  ان کی پیدائش  تقسیم کے ایک برس بعد 1948میں ہوئی تھی لیکن انہوں نے  اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کئی چیلنجز کا سامنا کیا، کم عمری میں ہی والد کے انتقال کے بعد اہل خانہ کی کفالت کا بوجھ سروج کے کاندھوں پر آن پڑاتھا۔

ماضی میں بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں سروج خان نے اپنے بچپن کی مالی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے  انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ چولہے پر برتن رکھ کر کہہ دیتی تھیں کہ وہ کھانا بنارہی ہیں لیکن اس کھانے کا انتظار کرتے کرتے سب بہن بھائی سوجاتے تھے۔

3 سال کی عمر میں انہیں بطور چائلڈ آرٹسٹ جانا جانے لگا تھا، جوانی میں وہ اکثر گھر میں اکیلی رقص کرتی رہتی تھیں جس پر ان کی والدہ انہیں بیمار سمجھ کر ڈاکٹر کے پاس لے گئیں لیکن ڈاکٹر نے ان کی والدہ کو سمجھایا تھا کہ انہیں اپنی بیٹی کو سنیما آزمانے کا موقع دینا چاہیے  تاکہ ان کی مالی مدد بھی ہوسکے۔

13 سال کی عمر میں خفیہ شادی

12 سال کی عمر میں  سروج خان کی ملاقات ساؤتھ کے کوریوگرافر ایس سوہن لال سے ہوئی،  ایس سوہن لال سروج سے   30 سال بڑے تھے،  ایس سوہن نے 13 سال کی عمر میں  سروج  کو  اپنی پہلی شادی اور بچوں کا بتائے بغیرکالا دھاگہ باندھ کر ’unofficial marriage ‘کرلی۔

 

 14 سال کی عمر میں سروج سوہن لال کے بیٹے کی ماں بن گئیں حتیٰ کہ انہیں اپنے شوہر کی پہلی شادی کا علم بھی اپنے بچے کی پیدائش کے بعد ہوا۔

کچھ عرصے بعد ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی لیکن 8 ماہ بعدہی ان کی بیٹی چل بسی اور پھر ایس سوہن لعل نے سروج سے ہمیشہ کیلئے منہ موڑ لیا۔

1975 میں سروج نے سردار روشن خان سے جو پہلے سے شادی شدہ اور 4 بچوں کے باپ تھے دوسری شادی کرلی، سردار روشن خان نے سروج کے بچے کو باپ بن کر پیار دیا جس کا اعتراف ایک انٹرویو میں سروج خود کرچکی ہیں۔

سروج خان کے اسلام قبول کرنیکی کہانی

سروج خان نے بتایا تھا کہ سردار روشن خان سے شادی کے بعد انہوں  نے اسلام قبول کر لیا تھا۔

 

 اس حوالے سے سروج خان بتاچکی تھیں کہ’میں ایک ہندو تھی میرا نام سروج کشن چند سادھو سنگھ ناگپال  تھا، میں اپنے شوہر سے ملی مجھے ان سے محبت ہوئی اور یوں میں نے مذہب تبدیل کر لیا، میں اسلام سے محبت کرتی ہوں، میں نے خود مسجدجا کر اپنا مذہب تبدیل کیا اور مسلمان ہو گئی‘۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے