پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی مجموعی تعداد 51 کروڑ سے بھی تجاوز کرگئی، فیس بک اب بھی پاکستانیوں کا مقبول ترین پلیٹ فارم جبکہ ایکس کی سروسز سب سے کم پاکستانی استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، پی ٹی اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف سوشل میڈیا ایپس پر پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس کی تعداد 51 کروڑ 61 لاکھ سے بڑھ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 کروڑ 16 لاکھ صارفین کے ساتھ فیس بک کی پہلی پوزیشن جبکہ یوٹیوب استعمال کرنیوالے پاکستانیوں کی تعداد 9 کروڑ 66 لاکھ 60 ہزار ہے۔
پی ٹی اے رپورٹ کے مطابق 9 کروڑ 17 لاکھ پاکستانی واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں جبکہ 9 کروڑ 3 لاکھ اکاؤنٹس کے ساتھ ٹک ٹاک چوتھا مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسنیپ چیٹ کے پاکستانی صارفین کی تعداد 7 کروڑ 9 لاکھ 80 ہزار، انسٹا گرام صارفین کی 4 کروڑ 99 لاکھ جبکہ ایکس کے ایک کروڑ 53 لاکھ صارفین ہیں۔