کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کورنگی روڈ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 2 کم عمر بھائیوں کو کچل دیا، دونوں بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پنجاب چورنگی سے کالا پل جانے والے روڈ پر ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں تیز رفتار واٹر ٹینکر بچوں پر چڑھ دوڑا، جس کے بعد دونوں بچے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جب کہ شہریوں نے ٹینکر کو آگ لگادی۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا، واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگادی تھی، ڈرائیور کے موقع سے فرار ہونے پر شہری مشتعل ہوئے، بچوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے دونوں بچے سگے بھائی تھے، بچوں کی شناخت 10 سالہ آیان اور 11 سالہ توصیف کے ناموں سے ہوئی۔
واضح رہے کہ رواں سال کی ابتدا میں شہر قائد میں اچانک ہیوی ٹریفک کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں شہریوں کی اموات کی تعداد بڑھ گئی تھی۔
حکومت سندھ نے اس حوالے سے سخت اقدامات کیے، جن میں ٹریفک قوانین پر پابندی، ہیوی ٹریفک کے حوالے سے قواعد و ضوابط وضع کرنے کی حکمت عملی ترتب دی گئی تھی۔