کراچی میں دہشت گردی کا بڑامنصوبہ ناکام،خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد خاتون سمیت چار ملزمان گرفتار

کراچی میں سکیورٹی اداروں نے عاشورہ کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا اور ایک خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ پانچواں ملزم فرار ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع نے  بتایا کہ دو ماہ میں دو جنگوں کے باعث اس مرتبہ عاشورہ پر سکیورٹی کے انتظامات غیر معمولی کیے گئے تھے اور انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ عاشورہ کے موقع پر کوئی دہشت گردی ہوسکتی ہے، اسی بنیاد پر انٹیلی جنس کو بھی انتہائی فعال رکھا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئیں کہ اورنگی ٹاؤن اور لیاری میں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں جس پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں اور ایک خاتون سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ پانچواں فرار ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار افراد سلیپر سیلز ہیں اور فرار ہونے والا ان کا ہینڈلر ہے، ہینڈلر کے پاس ہی ڈرون، دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹ اور دیگر سامان تھا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان کو خاتون سمیت نمائش پر مرکزی جلوس میں شامل ہوکر ڈرون سے حملہ کرنا تھا اور اگر ڈرون پکڑا جاتا تو خودکش جیکٹ استعمال کی جاتی۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، فرار ملزم کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جبکہ ملزمان سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے