لاہور سمیت پنجاب میں رات بھرطوفانی بارش ۔۔ چھتیں، دیواریں گرنے اورکرنٹ لگنے سے تیس افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوئے۔ لاہورمیں دو خواتین اور بچے سمیت سولہ افراد جان سے گئے۔۔ فیصل آباد اوررائے ونڈ میں چار چار افراد زندگیوں سے محروم ہو گئے، شیخوپورہ، شاہ کوٹ، عارف والا اورننکانہ صاحب میں بھی ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ بورے والا اور اوکاڑہ میں دو اموات رپورٹ ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 30 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ لاہور میں چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جان سے گئے۔
ٹھوکر نیاز بیگ کے نواحی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد، مومن پورہ میں 3 افراد، اور مشن کالونی و کوٹ جمال میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔
فیصل آباد میں چھت گرنے کے دو مختلف واقعات میں میاں بیوی اور ماں بیٹا چل بسے۔ رائیونڈ، شیخوپورہ، شاہ کوٹ، عارف والا، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ اور بورے والا سمیت مختلف علاقوں میں بھی جان لیوا حادثات پیش آئے۔
رپورٹس کے مطابق قصور، رینالہ خورد اور دیگر شہروں میں بھی چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے باعث زخمیوں کی بڑی تعداد اسپتالوں میں منتقل کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سیکٹر ایف سیون مرکز بھٹائی روڈ پر درخت گاڑیوں پر جا گرا۔ دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ راستہ بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔