خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے جبکہ 8 کو گرفتار کر لیا گیا۔
درگئی تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر وحید اللہ خان نے بتایا کہ آج مالاکنڈ کے مہردے علاقے میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن میں حصہ لیا، 5 دہشت گرد مارے گئے اور دو زخمی ہوئے جبکہ 8 کو زندہ گرفتار کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی سینٹر جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی منتقل کر دیا گیا۔
اے سی درگئی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروہ علاقے میں دہشت گرد حملوں میں ملوث تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
یاد رہے کہ آج صبح ہنگو میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 9 دہشت گرد ہلاک، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو، دوآبہ کا تھانیدار اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے کا افسر زخمی ہوگئے تھے۔