اسحٰق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے، جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ گفتگو گزشتہ جمعے کو واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی اُن کی ملاقات کے تسلسل میں ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے محصولات سمیت باہمی تعلقات سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی، اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار کی امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے واشنگٹن ڈی سی میں اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ، سرمایہ کاری، زراعت سمیت اہم شعبہ جات میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

دفترِ خارجہ کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار کے امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر امریکی حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا، جہاں ان کی مارکو روبیو سے ملاقات کے دوران انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی امن کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے وزرائے خارجہ کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے، جس میں پاک-امریکا تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے