گدھے کے گوشت کی اسلام آباد سے باہر سپلائی کی رپورٹس موجود ہیں: اسلام آباد فوڈ اتھارٹی

اسلام آباد میں گدھوں کا گوشت ملنے کے واقعے کے حوالے سے ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک ہفتہ پہلے سے معلومات موجود تھیں۔

عرفان میمن نے  کہا کہ ٹیمز کی جانب سے ایک ہفتے تک اس پر کام کیا گیا تاکہ ملزم رنگے ہاتھوں پکڑا جا سکے، جب ٹیم وہاں پہنچی تو ایک ہزار کلو کٹا ہوا گوشت اور 40 زندہ گدھے ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ موقع پر موجود غیر ملکی قصائی اور چوکیدار کو گرفتار کیا گیا۔

عرفان میمن کا کہنا تھا کہ کتنے گدھے کاٹےگئے اور گوشت کہاں تقسیم ہوا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ گوشت کی اسلام آباد سے باہر سپلائی کے حوالے سے بھی رپورٹس موجود ہیں۔

خیال رہےکہ دو روز قبل اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک سلاٹر ہاؤس سے گدھوں کا کئی من گوشت اور زندہ گدھے برآمد کیے گئے  تھے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق سنگجانی میں قائم ایک خفیہ سلاٹر ہاؤس میں گدھوں کو ذبح کر کے ان کا گوشت اور کھالیں بیرونِ ملک بھیجی جا رہی تھیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سلاٹر ہاؤس کچھ غیر ملکی باشندوں نے ایک مقامی شخص کی مدد سے قائم کیا تھا جہاں نہ صرف گدھے ذبح کیے جاتے تھے بلکہ گوشت کو محفوظ کرنے کے لیے کولڈ اسٹوریج کی سہولت بھی موجود تھی جبکہ ذبح کرنے کے لیے ایک غیر ملکی قصائی کو بھی بیرون ملک سے بلایا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے