اسکردو: ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ سیلاب سےمتاثرہ بابوسر ناران شاہراہ ایک ہفتے بعد بحال کر دی گئی ہے۔
ترجمان جی بی حکومت نے کہا کہ شاہراہ بابوسر کو یکطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے لیکن مسافر محتاط انداز اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
فیض اللہ فراق نے کہا کہ بابوسر پر سرچ آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے، شاہراہ بابوسر پر 15 کے قریب سیاح ریلوں میں بہہ گئے تھے، نجی ٹی وی کی خاتون اینکر اور ان کےاہلخانہ سمیت دیگرلاپتا سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق چلاس تھک نالے میں سیلاب سے 10افرادجاں بحق ہوگئے تھے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا ہے اور لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے ریسکیو و سرچ آپریشن میں مزید تیزی کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بارشوں کے بعد سیلاب آیا تھا جس میں 10 افراد کی ہلاکت ہوئی جب کہ متعدد افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر لاپتے ہوگئے تھے۔