Breaking
28 جولائی 2025, پیر

بھارت کا سیلابی پانی چھوڑنے کا امکان ختم، دریاؤں کا اضافی پانی پاکستان کو مل گیا

بھارت کی جانب سے دریائے ستلج، راوی اور بیاس میں سیلابی پانی چھوڑنے کا امکان ختم ہو گیا ہے۔

وفاقی ذرائع کے مطابق بھارت، جو ماضی میں پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیاں دیتا رہا، اپنے ڈیموں سے اضافی پانی چھوڑنے میں ناکام رہا جس کے نتیجے میں یہ پانی پاکستان کو مل گیا۔

دستاویزات کے مطابق دریائے ستلج پر واقع بھاکھڑا ڈیم 57 فیصد، دریائے راوی پر تھین ڈیم 61 فیصد اور بیاس پر پونگ ڈیم 57 فیصد خالی ہیں۔

اس صورتحال نے بھارت کے ڈیموں سے سیلابی ریلے چھوڑنے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ دریائے ستلج اور راوی کا بارشی پانی قصور اور جسڑ کے مقامات سے پاکستان میں داخل ہو رہا ہے جس سے پاکستان کو تقریباً ایک ملین ایکڑ فٹ اضافی پانی حاصل ہوگا۔

تاہم، وفاقی ذرائع نے خبردار کیا کہ بھارتی دریاؤں کے نچلے طاس میں بارشوں کا قدرتی پانی پاکستان میں سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔

مون سون کے دوران بارشی سیلاب سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہائی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، دریاؤں میں پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ اضلاع کو ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے