وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے میں ہر ممکن حکومتی قانونی و سفارتی تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں غافل نہیں ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کے معاملے پر حکومت کی جانب سے ہر ممکن قانونی و سفارتی مدد کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پہلے ہی اُس وقت کے امریکی صدر جوبائیڈن کو عافیہ صدیقی کے معاملے پر خط لکھ چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید پیشرفت کے لیے وزیر قانون و انصاف کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے رابطے میں رہے گی اور معاونت کے لیے کام کرے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سمیت کابینہ ارکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں جواب طلب کیا تھا۔