کراچی: دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرح کراچی میں بھی منشیات کا دھندا زوروں پر ہے۔
منشیات فروشی عالمی سطح پر اربوں ڈالر کا جان لیوا کالا دھندا ہے، اس سے جُڑی مافیا اتنی بڑی اور طاقتور ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی، بے تحاشا مالی وسائل اور اندھی طاقت کی حامل ریاستیں بھی اس کی سرکوبی میں ناکام ہیں۔
جیو نیوز کے مطابق منشیات کے اسمگلرز افغانستان سے منشیات پہلے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں پہنچاتے ہیں اور پھر یہ کھیپ حب کے ذریعے کراچی منتقل کردی جاتی ہے۔
ڈرگ ڈیلر کالے دھن سے جُڑے اس دھندے کیلئے ایران، کیوبا، کولمبیا اور امریکا کو بھی استعمال کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارےکارروائی کرتے ہیں، منشیات کی کھیپیں پکڑی جاتی ہیں، ملزمان گرفتار بھی ہوتے ہیں اور منشیات فروشی کا زور عارضی طور پر ٹوٹتا ہے تاہم کچھ وقفے کے بعد پھر شروع ہوجاتا ہے۔