شہر قائد کے علاقے ملیر میں صبح سویرے شہریوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جہاں ڈاکو بے خوف ہو کر وارداتیں کر رہے ہیں وہی کراچی کے کچھ بہادر شہری اس طرح کی کوشش کو ناکام بناتے بھی نظر آتے ہیں۔
ایسا ہی واقعہ ملیر کے گلشن حدید فیز 2 میں پیش آیا ہے جہاں صبح سویرے شہریوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی، دو مبینہ لٹیرے شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے جس کی شہریوں نے درگت بناڈالی۔
شہریوں نے ڈاکووں کو تشددکے بعد پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے زخمی ڈاکووں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا، ڈکیت ملزمان بریانی کی دکان میں لوٹ مار کر رہے تھے۔
ملزمان نے اسلحہ کے زور پر دکان کے عملے کو یرغمال بنا رکھا تھا، واردات کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور ڈاکووں کو پکڑ لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے، زخمی ملزمان کی شناخت غلام یاسین اور مختار کے ناموں سے ہوئی ہے۔