وزیراعظم کی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کو مزید بڑھانے اور تیز تر کرنے کی ہدایت کردی ۔

پاکستان ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز کو مزید بڑھانے اور تیز تر کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند شاہراہوں خصوصاً شاہراہ قراقرم اور ناران-بابوسر-چلاس شاہراہ پر بحالی کا کام تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ جو مسافر شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں، انہیں رہائش ، خوراک سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کے لیے اقدامات انتہائی ضروری ہیں، مون سون کے آنے والے اسپیلز کے لیے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ادارے مل کے لائحہ عمل بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں سیلاب سے بچاؤ کے لیے میونسپل ادارے نکاسی آب اور سیوریج کے بہترین اقدامات کریں۔

وزیراعظم نے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثات اور سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے