جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے خیبرپختونخوا حکومت کی آل پارٹیزکانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار کا کہنا تھاکہ آل پارٹیز کانفرنس پی ٹی آئی نے نہیں حکومت کی جانب سے بلائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کےپی حکومت نے تمام فیصلہ کرلیے ہیں، اب آل پارٹیز کانفرنس کی ضرورت نہیں، ہم حکومت کی جانب سے بلائی گئی ای پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔
جمعیت علمائے اسلام نے بھی اے پی سی میں شرکت سے انکار کردیا اور ترجمان نے کہاکہ جے یوآئی تحریک انصاف کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی۔
اس کے علاوہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے بھی آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔ پی پی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھاکہ صوبائی حکومت غیر سنجیدہ ہے، آل پارٹیز کانفرنس صرف دکھاوا ہے، پیپلزپارٹی کل ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر کل آل پارٹیزکانفرنس بلائی گئی ہے۔
آل پارٹیزکانفرس میں امن وامان کی صورتحال سمیت دیگر مسائل پر غور ہوگا اور سیاسی جماعتوں اور مختلف مکاتب فکر کو دعوت نامے ارسال کیے گئےہیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کیخلاف مؤثرحکمت عملی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہوگا، کل اے پی سی میں بریفنگ دیں گے کہ جب ہم آئے تو صوبے کے حالات کیا تھے۔
انہوں نے کہا کہ جو اے پی سی میں نہیں آئے گا اس سے پتا چلے گا کہ انہیں عوام کا کوئی احساس نہیں۔