اسلام آباد: ملک میں سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کر کے بھتہ خوری کے رجحان میں اضافہ ہو گیا ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے فراڈ فری لانسنگ سے بچاؤ کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر بالخصوص پنجاب میں سوشل میڈیا کے ذریعے ’فراڈ فری لانسنگ‘ کا رجحان بڑھ رہا ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ فیک جاب آفرز کے لیے شہری سے کہا جاتا ہے کہ وہ ان کی فری لانسنگ کمیونٹی میں شامل ہو جائیں، جب نوجوان واٹس ایپ گروپس میں شامل ہو جاتے ہیں تو انھیں فحش مواد دکھا کر بلیک میل کیا جاتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق جو شہری فحش مواد کے خلاف ری ایکٹ کر دیتے ہیں، تو پھر ان کو رپورٹ کرنے کی دھمکی دے کر ٹریپ کر لیا جاتا ہے، اور اس طرح گروپ میں شامل افراد کو قانونی کارروائی کی دھمکیاں دے کر ان سے 10-15 لاکھ روپے بٹورے جاتے ہیں۔