مانسہرہ: کراچی سے آئے 10 سالہ بچے کی سرکٹی لاش برآمد، علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا

مانسہرہ میں دل دہلا دینے والا واقعہ، کراچی سے اپنے نانا کے گھر آئے 10 سالہ معصوم بچے کی سرکٹی لاش برآمد ہوئی ہے۔ بچے کی لاش افغان مہاجر کالونی کے قریب ویرانے سے ملی، واقعے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق بچہ چند روز قبل افغان مہاجر کالونی سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا۔ والدہ کی مدعیت میں پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کیا تھا، تاہم آج اس کی لاش انتہائی دردناک حالت میں برآمد ہوئی۔ بچے کے سر اور دھڑ کو الگ الگ مقام سے بازیاب کیا گیا، جو کسی سفاکی کی انتہا کو ظاہر کرتا ہے۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی مانسہرہ کے مطابق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ شہریوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے