اسحاق ڈار امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے

اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی 28 جولائی تک اقوام متحدہ اور امریکا میں سرکاری مصروفیات طے ہیں۔

اسحاق ڈار یو این سلامتی کونسل میں پاکستان کی صدارت کے تحت اعلیٰ سطح اجلاسوں کی قیادت کریں گے، وہ نیویارک اور واشنگٹن میں دو طرفہ اور کثیر الجہتی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، دو ریاستی حل کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے۔ نائب وزیر اعظم ’مشرق وسطیٰ کی صورت حال، فلسطین کا سوال‘ کے موضوع پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔

نیویارک آمد پر پاکستانی سفیر برائے امریکا اور اقوام متحدہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ 24 جولائی کو ایک اور اہم بریفنگ منعقد ہوگی، جس میں اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں خصوصاً اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے مابین تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے