Breaking
21 جولائی 2025, پیر

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی افغان ہم منصب سے اہم ملاقات، انسداد دہشتگردی اور بارڈر منیجمنٹ پر اتفاق

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے اہم ملاقات کی ہے جس کے دوران انسداد دہشتگردی اور بارڈر منیجمنٹ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اتور کو وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل میں اپنے افغان ہم منصب سراج الدین حقانی سے اہم ملاقات کی جس کے دوران وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، انسداد دہشتگردی، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، پاک-افغان سرحد کی موثر منیجمنٹ، منشیات کی روک تھام اور سرحد پار نقل و حرکت کو منظم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کے خاتمے اور بارڈر منیجمنٹ کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی بے لوث مہمان نوازی کی اور افغان شہریوں کے لیے قانونی آمد کے دروازے کھلے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشتگرد تنظیمیں فساد اور عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں جنہیں دونوں ممالک کو مل کر روکنا ہوگا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرپا تعلقات کے خواہاں ہونے کا اعادہ کیا۔

دونوں وزرائے داخلہ نے پرامن بقائے باہمی، استحکام اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے