پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی! پرانے پاسپورٹ رکھنے والے کیا کریں؟

اسلام آباد : پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کیا نئے پاسپورٹ بنوانے ہوں گے؟

تفصیلات کے مطابق محکمہ پاسپورٹس نے پاکستانی پاسپورٹ میں اہم اور تاریخی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا۔

اب نئے جاری ہونے والے پاسپورٹس میں شہریوں کے والد کے ساتھ ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونے اور سماجی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی! پرانے پاسپورٹ رکھنے والے کیا کریں؟

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے ایک انٹرویو کے دوران اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف عالمی تقاضے پورے کرنا ہے بلکہ ان شہریوں کو آسانی فراہم کرنا بھی ہے جنہیں موجودہ نظام میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

والدہ کا نام کیوں شامل کیا جا رہا ہے؟

پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس میں روایتی طور پر صرف والد کا نام شامل کیا جاتا ہے، تاہم یہ نظام خاص طور پر سنگل ماؤں کے لیے مسائل پیدا کرتا رہا ہے، جو اکیلے بچوں کی پرورش کرتی ہیں، مختلف مواقع پر والد کی عدم موجودگی یا والدہ کی اہمیت کو تسلیم نہ کیے جانے سے کئی قانونی اور انتظامی مشکلات جنم لیتی ہیں۔

ڈی جی پاسپورٹ کے مطابق دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں پہلے ہی والدہ کے نام کو دستاویزات میں شامل کیا جاتا ہے، جس سے شہریوں کو بین الاقوامی سطح پر بھی سہولت میسر آتی ہے۔

پرانے پاسپورٹ رکھنے والے کیا کریں؟

اس نئے نظام کے بعد عوام کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ جن کے پاس پہلے سے جاری شدہ پاسپورٹس ہیں، کیا ان کو نئے پاسپورٹ بنوانے ہوں گے؟ اس حوالے سے تاحال حتمی پالیسی جاری نہیں کی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ پاسپورٹس اپنی معیاد تک کارآمد رہیں گے، اور نئی تبدیلی کا اطلاق آئندہ جاری ہونے والے پاسپورٹس پر ہوگا۔

یہ تبدیلی پاکستانی خواتین، خصوصاً سنگل ماؤں، کے حقوق کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

سماجی حلقوں اور خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معاشرتی توازن قائم کرنے اور خواتین کو درپیش قانونی مسائل میں کمی آئے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے