کراچی میں پولیس کی وردی میں وارداتیں کرنیوالا ایرانی گینگ گرفتار

کراچی میں پولیس کی وردی میں وارداتیں کرنے والے ایرانی گینگ کے 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار کے مطابق شاہراہ فیصل پولیس نے گلشن جمال سے پولیس کی وردی میں وارداتیں کرنے والے خطرناک ایرانی گینگ کے 3ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا  جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو پولیس بن کر خاص طور پر غیر ملکی شہریوں کو چیکنگ کے بہانے لوٹتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی جاوید،حسین محمد ایرانی شہری جبکہ ملزم ارسلان پاکستانی ہے، ملزمان کا فرار ساتھی حسن بھی ایرانی ہے۔

گرفتار ملزمان کشتی کے ذریعے تہران سے بلوچستان کے ساحل پر اترتے اور پھر کراچی آتے تھے۔ملزمان اس سے قبل اسلام آباد میں گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔

ملزمان کی متعدد وارداتوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں

گرفتار ڈاکوؤں نے ڈیفنس میں فروری کے مہینے میں پولیس والے بن کرغیر ملکی انگریز سے تلاشی کے بہانے 1 ہزار ڈالر لوٹے۔ پھر مارچ کے مہینے میں راشد منہاس روڈ پر پولیس والا بن کر شہری سے 90ہزار لوٹے۔

ایرانی گینگ نے کلفٹن ہائپر اسٹار کے پاس پولیس والا بن کر 3غیر ملکی انگریزوں کو لوٹا۔غیر ملکیوں کے پاس 7500 ڈالر تھے۔

اس کے علاوہ ملزمان نے سہراب گوٹھ،صفورا چورنگی،ڈرگ روڈ،طارق روڈ،حیدری کے پاس پولیس اہلکاربن کر درجنوں شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے