کراچی : معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی 7 اکتوبر 2024 کو ہونے والی پراسرار موت کے حوالے سے تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق، موت کے روز شام 5 بجے تک اداکارہ نے مختلف افراد کو 14 فون کالز کیں۔
حمیرا اصغر کے زیر استعمال دو موبائل فونز میں سے کسی پر بھی پاس ورڈ موجود نہیں تھا، جب کہ تیسرے موبائل اور ایک ٹیبلٹ کا پاس ورڈ ان کی ذاتی ڈائری سے برآمد ہوا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے میں یہ معلومات انتہائی مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
مزید انکشاف ہوا ہے کہ متوفیہ ایک طویل عرصے سے 75 مختلف نمبروں سے مسلسل رابطے میں رہی تھیں، جب کہ ان کے موبائل میں محفوظ کانٹیکٹس کی تعداد ایک ہزار سے بھی تجاوز کر رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں سے شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اداکارہ کی موت کی اصل وجوہات تک پہنچا جا سکے۔