وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے بڑے چیلنجز قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں عالمی یوم آبادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ تین ٹریلین کی معیشت بننے کا خواب تب ہی پورا ہوگا جب ہم ان دونوں مسائل پر قابو پائیں گے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ ملک میں پیسے کی کوئی کمی نہیں اور ضرورت صرف فنڈز کے صحیح جگہ خرچ کرنے اور ترجیحات طے کرنے کی ہے۔
محمد اورنگزیب نے وفاق اور صوبوں کو مل بیٹھ کر اپنے کام بانٹنے کا بھی مشورہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلا چیلنج موسمیاتی تبدیلی اور دوسرا آبادی میں بے ہنگم اضافہ ہے اور اگر آبادی کی پلاننگ نہیں تو تمام منصوبے بے کار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی خوراک اورصاف پانی کے مسائل ہیں، ہمیں این ایف سی ایوارڈ کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا اور ہمیں قومی اور صوبائی بجٹ کو قومی سوچ کے ساتھ دیکھنا چاہیے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ تعلیم اور صحت کا بجٹ صوبوں کو ملاکر دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں اور ہمیں بیٹھ کر دیکھنا ہوگا کہ وفاق نے صوبے میں کیا کرنا ہے۔