پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں کیش اور چیک کے ذریعے ادائیگی کاطریقہ کار بند کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا،پنجاب حکومت نے تنخواہ کی ادائیگی کیلئے واضح ہدایت جاری کر دیں، تمام ملازمین کو تنخواہ صرف اور صرف بینک کے ذریعے دی جائے گی،محکمہ خزانہ پنجاب نے چیک اور کیش کی صورت میں تنخواہ کی ادائیگی بند کر دی صرف بینک اکاؤنٹ میں تنخواہ ادا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔

نوٹیفکیشن کے ذریعے ملازمین کو آگاہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں سرکاری  ملازمین کو 1 ستمبر 2025  سے تنخواہ بینک میں ملے گی۔ شفافیت کیلئے نقد اور چیک کی ادائیگی بند کر دی گئی ہے۔تنخواہ کی ادائیگی ڈیجیٹل والٹس یا بینک آف پنجاب جیسے بائیو میٹرک پلیٹ فارمز سے ہو گی۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب سے تمام ادارے، محکمے اور سرکاری دفاتر ملازمین کو تنخواہ نقد یا چیک کی صورت میں ادا نہیں کریں گے۔

تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ہوں گی تاکہ کسی بھی قسم کی ہیرا پھیری، دیر یا غیر ضروری رکاوٹ سے بچا جا سکے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ متعلقہ محکمے اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ان تمام ملازمین کی تفصیلات جلد از جلد بینک اکاؤنٹس کے ساتھ منسلک کی جائیں جنہوں نے ابھی تک اپنی تنخواہ کسی مخصوص بینک اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کروائی۔

سرکاری ملازمین سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی بینک تفصیلات جلد از جلد فراہم کریں تاکہ آئندہ کسی مشکل کا سامنا نہ ہو اور تنخواہیں مقررہ وقت پر با آسانی ان کے اکاؤنٹس میں منتقل ہو سکیں۔حکومت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مالی شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ ملازمین کو اپنی تنخواہ بروقت اور محفوظ طریقے سے حاصل کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے