وزیراعلیٰ گرین کریڈٹس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت کا نجی کمپنی کے ساتھ سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔
نجی کمپنی چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی طور پر تیار کی گئی مشینیں آئندہ ماہ لاہور کی چار بڑی جامعات میں نصب کرے گی۔ شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں بھی ایسی مشینیں لگائی جائیں گی۔
یہ مشین دو خانوں پر مشتمل ہے، بٹن اے دبائیں اور پلاسٹک کی بوتل اس میں ڈالیں پھر اپنا فون نمبر درج کریں اور بٹن بی دبا دیں۔ مشین کی اسکرین پر گرین کریڈٹس ظاہر ہوں گے جسے ایپ کی مدد سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
نجی کمپنی کے چیئرمین گلفام عابد کے مطابق روزانہ 5 سو ٹن پلاسٹک بوتل کا کچرا ہوتا ہے، مشینری کی مدد سے پلاسٹک کی بوتلیں اور سنگل یوز پلاسٹک کے برتن ری سائیکل کیے جائیں گے اور ان سے فٹ پاتھ، سڑکوں کے پیچ ورک اور اینٹیں بنائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھاکہ ڈیڑھ لیٹر کی 20 بوتلیں اور ہاف لیٹر کی 40 بوتلیں مشین میں ڈالنے پر ایک ہزار روپے فوری کیش ملے گا۔
گرین کریڈٹس میں صرف عام شہری ہی نہیں بلکہ لاہور کے 18 ہزار کباڑیے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ وہ ایپ کے ذریعے رابطہ کریں گے اور کمپنی ملازم خود جا کر انہیں رقم دے کر بوتلیں لیں گے۔