Breaking
21 جولائی 2025, پیر

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں

کیا آپ کی کوئی پسندیدہ فلم ہے جو کبھی بھی پرانی محسوس نہیں ہوتی، چاہے آپ اسے جتنی بار دیکھ لیں؟

تو آپ تنہا نہیں، درحقیقت دنیا بھر میں لوگ مختلف فلموں کو بار بار دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

ایسی فلمیں جو بار بار دیکھی جاتی ہیں، ان کے حوالے سے بیشتر افراد کی پسند بھی لگ بھگ ایک جیسی ہوتی ہے۔

یہ ایسی فلمیں ہوتی ہیں جن کی کہانی وقت گزرنے کے باوجود نئی محسوس ہوتی ہے بلکہ اکثر دوبارہ دیکھنے پر زیادہ اچھی محسوس ہونے لگتی ہیں۔

اب یہ فلم کی کہانی کی گہرائی ہو، مزاح یا دیگر منفرد خصوصیات، مگر کچھ ایسا ضرور ہوتا ہے جو ان فلموں کو بار بار دیکھنے پر مجبور کرتا ہے۔

پلپ فکشن (1994)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
اس کا پلاٹ بے ترتیب انداز سے پھیلا ہوا ہے / اسکرین شاٹ

ڈائریکٹر کوئنٹن ٹرانٹینو کی اس فلم کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا پلاٹ بے ترتیب انداز سے پھیلا ہوا ہے اور اسے اب بھی ڈائریکٹر کے کیرئیر کی سب سے بہترین فلم سمجھا جاتا ہے۔

فلم 3 مختلف کہانیوں کے گرد گھومتی ہے جس میں سے ہر ایک کا مرکزی کردار الگ ہوتا ہے اور اس کا آغاز ریسٹورنٹ میں موجود ایک جوڑے سے ہوتا ہے، جس کے بعد یہ ایک سے دوسری کہانی پر منتقل ہوتی ہے اور پھر واپس ریسٹورنٹ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوتی ہے۔

فلم میں جان ٹراولٹا، سیموئیل جیکسن، بروس ولز، ٹم روتھ اور اوما تھرو مین نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

دی گاڈ فادر (1972)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ فلم اب بھی دیکھنے والوں کو مسحور کردیتی ہے / اسکرین شاٹ

ڈائریکٹر فرانسس فورڈ کوپپولا کی اس فلم کے بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں جس میں مارلن برانڈو اور ال پچینو جیسے اداکاروں نے کام کیا۔

اطالوی مافیا کی امریکا میں سرگرمیوں پر مبنی یہ فلم اب بھی دیکھنے والوں کو مسحور کردیتی ہے۔

گڈ فیلاز (1990)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
گڈ فیلاز کا ایک سین / اسکرین شاٹ

مارٹین سکورسیسز ہالی وڈ کے معروف ڈائریکٹرز میں سے ایک ہیں اور یہ فلم ان کا شاہکار سمجھی جاتی ہے۔

اس فلم میں 1955 سے 1980 کے دوران ایک جرائم پیشہ شخص اور اس کے دوستوں کے عروج و زوال کی داستان کو بیان کیا گیا تھا۔

اس فلم کو جرائم پیشہ گروپ کی زندگی کے حوالے سے بہترین تصور کیا جاتا ہے جس میں Ray Liotta، رابرٹ ڈی نیرو اور Joe Pesci نے مرکزی کردار ادا کیے۔

دی میٹرکس (1999)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ فلم 1999 میں ریلیز ہوئی / اسکرین شاٹ

ایکشن اور سائنس فکشن فلموں کو پسند کرنے والا کونسا فرد ہوگا جس نے کیانو ریوز کی اس فلم کو نہ دیکھا ہو۔

Neo (کیانو ریوز) کے گرد گھومنے والی اس فلم کی کہانی اب بھی دیکھنے والوں کے ذہنوں کو چکرا دیتی ہے۔

1999 کی اس پیچیدہ سائنس فکشن فلم کو سمجھنے کے لیے اب بھی ہر ماہ انٹرنیٹ ہر ہزاروں سرچز کی جاتی ہیں۔

یہ بہت منفرد سائنس فکشن فلم ہے جس میں انسان اور مشینیں آپس میں ٹکرا جاتی ہیں اور حقیقت کے بارے میں ذہن میں سوالات اٹھتے ہیں۔

درحقیقت ہر بار اسے دیکھنے پر اس کی کہانی نئی ہی محسوس ہوتی ہے۔

بیک ٹو فیوچر (1985)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
ٹائم ٹریول پر مبنی یہ فلم اب بھی بہت مقبول ہے / اسکرین شاٹ

یہ بھی ایک سدا بہار سائنس فکشن ایڈونچر فلم ہے جس میں مزاح، انسانی جذبات اور ایکشن کو کمال مہارت سے ملایا گیا ہے۔

مارٹی اور ڈاک کے وقت کے سفر پر مبنی اس فلم کو دیکھنے کا تجربہ ہر بار نیا ہی محسوس ہوتا ہے۔

فورسٹ گمپ (1994)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
فلم میں ٹام ہینکس نے مرکزی کردار ادا کیا / اسکرین شاٹ

1994 کی یہ فلم اسی نام کے ناول پر مبنی ہے جس میں ٹام ہینکس نے مرکزی کردار ادا کیا۔

الاباما سے تعلق رکھنے والے ایک شخص فورسٹ گمپ کی زندگی کی اس کہانی میں کئی دہائیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔

یہ سب واقعات 20ویں صدی امریکا میں گزرے تھے اور فورسٹ گمپ کسی نہ کسی طرح ان پر اثر انداز ہوا۔

دی ڈارک نائٹ (2008)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ ہر دور کی بہترین سپر ہیرو فلم سمجھی جاتی ہے / اسکرین شاٹ

ڈائریکٹر کرسٹوفر نولان کی یہ فلم نہ صرف ہر دور کی بہترین سپر ہیرو فلم سمجھی جاتی ہے بلکہ ایک ایسی فلم ہے جسے لوگ بار بار دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

فلم میں بیٹ مین کی جرائم پیشہ گروپس کے خلاف جدوجہد کو دکھایا گیا ہے اور یہ گروپس اس سے نمٹنے کے لیے جوکر کی خدمات حاصل کرلیتے ہیں۔

مگر جوکر پورے شہر کو گھٹنوں کے بل جھکا دیتا ہے۔

اس کے پیچیدہ کردار اور ایکشن مناظر اسے بار بار دیکھنے والی فلم بناتے ہیں۔

سپرٹیڈ آوے (2001)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ ایک جاپانی فلم ہے / اسکرین شاٹ

یہ جاپان کی ایک انیمیٹڈ فلم ہے جو ایک 10 سالہ بچی اور اس کے والدین کے گرد گھومتی ہے۔

یہ تینوں نئے گھر میں منتقل ہونے کے بعد ایک راستے پر غلط جگہ مڑ جاتے ہیں جہاں وہ ایک amusement پارک دریافت کرتے ہیں۔

بچی کے والدین وہاں موجود چیزوں کو کھا کر جانور بن جاتے ہیں اور پھر کہانی بہت دلچسپ ہو جاتی ہے۔

دی بگ لیبوسکی (1998)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ ہر بار دیکھنے میں زیادہ پرمزاح محسوس ہوتی ہے / اسکرین شاٹ

یہ غیر معمولی کرداروں پر مبنی ایسی فلم ہے جو ہر بار دیکھنے پر زیادہ پرمزاح محسوس ہوتی ہے۔

ایتھن اور جویل کوہن کی مشترکہ ہدایات میں بننے اس فلم کی کہانی اور اداکاروں کی کردار نگاری اسے دیکھنے پر مجبور کرتی ہے۔

فائٹ کلب (1998)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
فلم کے دونوں مرکزی کردار / اسکرین شاٹ

ڈائریکٹر ڈیوڈ فنچر کو ایسی فلموں کے لیے جانا جاتا ہے جن کی کہانی ذہنوں کو گھما دیتی ہے اور 1999 کی فلم فائٹ کلب بھی ان میں شامل ہے۔

براڈ پٹ اور ایڈورڈ نورٹن نے اس میں مرکزی کردار ادا کیے اور یہ فلم اپنی انوکھی کہانی کے باعث جانی جاتی ہے۔

اس کی کہانی میں ایسے پرتجسس ٹوئسٹ چھپے ہیں جو ناظرین کو بار بار یہ فلم دیکھنے پر مجبور کرتے ہیں مگر پھر بھی کہانی کو پوری طرح سمجھنا آسان نہیں ہوتا۔

دی لارڈ آف دی رنگز : دی فیلو شپ آف دی رنگ (2001)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ تین فلموں کی سیریز کا پہلا حصہ ہے / اسکرین شاٹ

یہ تین فلموں پر مشتمل سیریز کا پہلا حصہ ہے جو بہت طویل ہے مگر اس میں دکھائی جانے والی کہانی اتنی دلچسپ ہے کہ لوگ اسے دیکھتے ہوئے بالکل بھی نہیں تھکتے۔

ڈائریکٹر پیٹر جیکسن کی اس فلم میں مڈل ارتھ میں ایک گروپ کے ایڈونچر سفر کو دکھایا گیا اور اس کے تمام کردار ناقابل فراموش ہیں۔

انسیپشن (2010)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
اس فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو نے مرکزی کردار ادا کیا تھا / اسکرین شاٹ

یہ وہ فلم ہے جس کی کہانی اب بھی بیشتر ناظرین کے لیے معمہ بنی ہوئی ہے اور اب بھی ہر ماہ متعدد افراد کہانی کی وضاحت کے لیے گوگل سرچ انجن کا رخ کرتے ہیں۔

اس فلم میں لیونارڈو ڈی کیپریو نے ڈوم کوب کا مرکزی کردار ادا کیا تھا جو ایسا باکمال چور ہوتا ہے جو لوگوں کے ذہنوں میں خوابوں کے ذریعے داخل ہوکر خیالات چراتا ہے۔

فلم کی کہانی ایک شخص کے ذہن میں ایک نئے خیال کے بیج بونے کے گرد گھومتی ہے۔

اس مقصد کے لیے وہ خوابوں کی دنیا کے متعدد لیولز میں سفر کرتے ہیں اور اس دوران وہاں پھنس جانے کے خطرے کا سامنا بھی کرتے ہیں۔

گراؤنڈ ہوگ ڈے (1993)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
یہ فلم 1993 میں ریلیز ہوئی تھی / اسکرین شاٹ

ٹائم لوپ کے گرد گھومتی ایسی پرمزاح فلم جو ہر بار دیکھنے پر زیادہ بامقصد محسوس ہونے لگتی ہے۔

یہ ایک ایسے فرد کی کہانی ہے جو ایک ہی دن بار بار جی رہا ہوتا ہے اور اس دوران شخصیت کے منفی پہلوؤں سے جان چھڑا کر بہتر شخص بن جاتا ہے۔

مزاح اور دلوں کو چھو لینے والے لمحات کے باعث یہ فلم بار بار دیکھی جاتی ہے۔

دی شاشنک ریڈیمپشن (1994)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
مورگن فری مین اور ٹم رابنسن نے مرکزی کردار ادا کیے / اسکرین شاٹ

یہ آئی ایم ڈی بی کی ٹاپ ریٹڈ فلموں میں 2008 سے سرفہرست ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کوئی ایکشن یا تھرلر فلم نہیں بلکہ اس کی کہانی سست رفتاری سے آگے بڑھتی ہے جس کے کردار آزادی اور گر کر ابھرنے کی جدوجہد کررہے ہوتے ہیں۔

امید اور دوستی کے گرد گھومتی یہ کہانی پوری توجہ حاصل کرلیتی ہے جبکہ اسے دیکھتے ہوئے جذباتی ہونے یا زندگی کے بارے میں نظریے بدلنے کا احساس بھی ہوتا ہے، جس کے باعث یہ ایسی فلم بن جاتی ہے جسے لوگ بار بار دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

2001 : اے اسپیس اوڈیسی (1968)

بار بار دیکھنے پر مجبور کر دینے والی 15 بہترین فلمیں
فلم کا ایک سین / اسکرین شاٹ

معروف ڈائریکٹر اسٹینلے کیوبرک کی اس فلم کو ہر دور کی بہترین فلموں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔

یہ فلم خلائی کھوج کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک ایسا سپر کمپیوٹر دکھایا گیا تھا جو خلائی جہاز کو چلانے اور دیگر کام کرتا ہے۔

سائنسدان اب تک حقیقت میں ایسا باشعور سپر کمپیوٹر تیار نہیں کر سکے۔

اب بھی اس کی کہانی دیکھنے والوں کو چونکا دیتی ہے اور انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اس میں کیا دکھایا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے