غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 14 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 2 بچوں سمیت مزید 14 فلسطینی غذائی قلت سے دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد بھوک اور غذائی قلت کے باعث انتقال کرجانے والے فلسطینیوں کی تعداد اب 147 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں غذائی قلت کے باعث 74 فلسطینیوں نے دم توڑا جن میں سے صرف جولائی کے مہینے میں 63 فلسطینیوں کا غذائی قلت اور بھوک سے انتقال ہوا۔
دوسری جانب خوراک کی تلاش میں نکلے فلسطینیوں پر بھی اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں خوراک کی تلاش میں نکلے 9 فلسطینیوں سمیت مزید 43 افراد شہید ہوگئے۔